نئی دہلی،28 اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیراعظم نریندر مودی نے میک ان انڈیا کے فریم ورک کے تحت حفاظت، تعمیر، تحقیق اور ترقی میں فرانس کے ساتھ زیادہ تعاون پر آج زور دیا ۔ انہوں نے یہ بات یہاں فرانس کی مسلح افواج کی وزیر فلورنس پارلے کے ساتھ ہوئی ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دفاعی تعاون بھارت اور فرانس کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے میک ان انڈیا کے فریم ورک کے تحت حفاظت تعمیر، مشترکہ تحقیق اور ترقی میں فرانس کے ساتھ زیادہ تعاون پر زور دیا۔ اس میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی مفادات کے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سہولت کے حساب سے فرانسیسی صدر میکرو کے دورہ ہند کا ہم بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔